
کابل (15 جنوری 2026) افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے ایک نئی پالیسی منظور کر لی ہے، جس کے تحت افغان کرکٹرز ایک سال میں زیادہ سے زیادہ تین غیر ملکی ٹی20 لیگز میں شرکت کر سکیں گے۔ یہ فیصلہ کابل میں بورڈ کے سالانہ اجلاس میں کیا گیا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ قدم کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس اور ذہنی صحت کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے، تاکہ وہ قومی ذمہ داریوں کے لیے بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔
نئی پالیسی کے مطابق کھلاڑی افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے علاوہ صرف تین بین الاقوامی لیگز میں حصہ لے سکیں گے۔ یہ فیصلہ راشد خان، نور احمد، مجیب الرحمان، اے ایم غضنفر اور رحمان اللہ گرباز جیسے سٹار کھلاڑیوں پر بھی اثر انداز ہوگا، جو آئی پی ایل، ایس اے 20، آئی ایل ٹی 20 اور میجر لیگ کرکٹ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
بورڈ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ نئی پانچ ٹیموں پر مشتمل افغان پریمیئر لیگ اکتوبر 2026 میں متحدہ عرب امارات میں شروع کی جائے گی، جو مستقبل میں افغان کرکٹ کا اہم حصہ بنے گی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ طویل مدتی بنیادوں پر قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، مگر اس سے کھلاڑیوں کی مالی کمائی متاثر ہو سکتی ہے۔ دیگر بورڈز جیسے پی سی بی بھی کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ کے علاوہ صرف دو غیر ملکی لیگز میں شرکت کی اجازت دیتے ہیں۔
افغانستان کی اگلی بین الاقوامی مصروفیت متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی20 میچز کی سیریز ہے، اس کے بعد ٹیم 2026 ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کا رخ کرے گی۔ بنگلہ دیش نے بھی بھارت میں میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔






