امریکہ نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے امیگرینٹ ویزوں کی پروسیسنگ روک دی؛ ویزہ قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی

اسلام آباد (14 جنوری 2026) امریکہ نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے امیگرینٹ ویزوں کی پروسیسنگ غیر معینہ مدت کے لیے روک دی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ پبلک چارج رول کے تحت کیا گیا ہے، کیونکہ ان ممالک کے شہری غلط بیانی کر کے امریکہ آتے ہیں اور ویزہ ختم ہونے کے بعد واپس نہیں جاتے۔ فہرست میں صومالیہ، سوڈان، تنزانیہ، شام، تھائی لینڈ، تیونس، یوگنڈا، یمن، یوراگوئے اور ازبکستان سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیٹرائٹ اکنامک کلب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو تارکین وطن امریکی شہریوں کو دھوکہ دیں گے یا مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہوں گے، ان کی شہریت منسوخ کر دی جائے گی۔ محکمہ خارجہ کے مطابق ٹرمپ کے پہلے سال میں ایک لاکھ سے زائد ویزے منسوخ کیے جا چکے ہیں، جن میں 8 ہزار طلبہ اور 2 ہزار 500 روزگار کے لیے آنے والے افراد شامل ہیں۔ دسمبر میں سفری پابندیوں کی فہرست میں مزید پانچ ممالک شامل کیے گئے، جبکہ جون میں 12 ممالک پر مکمل پابندی اور 7 ممالک پر سخت شرائط عائد کی گئی تھیں۔

یہ اقدامات ٹرمپ کی سخت امیگریشن پالیسی کا حصہ ہیں، جو تارکین وطن کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔