
اسلام آباد (18 جنوری 2026) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو غزہ کے لیے قائم “بورڈ آف پیس” میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بیان میں کہا کہ پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے عالمی کوششوں میں بھرپور حصہ لے گا، تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطین مسئلہ کا پائیدار اور دیرپا حل ممکن ہو سکے۔
ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ نے ترکیہ کے صدر طیب ایردوآن اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو بھی اسی طرح خطوط لکھ کر امن بورڈ میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں امن بورڈ کا قیام ہوگا، جو عبوری طور پر غزہ کے امور کی نگرانی کرے گا۔ یہ بورڈ ٹیکنوکریٹس پر مشتمل انتظامی کمیٹی کی بھی مانیٹرنگ کرے گا، اور اس کا سربراہ خود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوں گے۔ ترک صدر کے دفتر نے بھی ایردوآن کو دعوت کی تصدیق کر دی ہے۔
یہ دعوت ایسے وقت میں آئی ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے بعد امن عمل کی طرف پیش رفت ہو رہی ہے، اور پاکستان نے اسے مثبت قدم قرار دیتے ہوئے اپنا تعاون یقینی بنانے کا اعلان کیا ہے۔






