ایس ای سی پی کا الرٹ؛ عوام غیر قانونی آن لائن سرمایہ کاری پلیٹ فارمز ‘ہل ہائوس کیپیٹل’ اور ‘ایس۔169 وارٹن’ سے ہوشیار رہیں

اسلام آباد (13 جنوری 2026) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے عوام کو شدید خبردار کیا ہے کہ ‘ہل ہائوس کیپیٹل / ہل ہائوس انویسٹمنٹ’ اور ‘ایس۔169 وارٹن’ کے نام سے چلنے والے آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز مکمل طور پر غیر قانونی ہیں۔ یہ پلیٹ فارمز واٹس ایپ گروپس کے ذریعے لوگوں کو راغب کرتے ہیں اور فہرست شدہ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری پر غیر معمولی اور گمراہ کن منافع کا وعدہ کرتے ہیں۔

ایس ای سی پی نے واضح کیا ہے کہ ان پلیٹ فارمز کو نہ تو لائسنس دیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی اجازت حاصل ہے۔ کمیشن نے ان کے خلاف متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رپورٹ کر دی ہے۔ عوام کو سخت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ بروکرز کے ساتھ ہی لین دین کریں اور رابطہ صرف ان کی آفیشل ویب سائٹس پر دیے گئے ذرائع سے کریں۔

لائسنس یافتہ بروکرز کی فہرست پاکستان سٹاک ایکسچینج اور پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کی ویب سائٹس پر دستیاب ہے۔ ایس ای سی پی نے کہا ہے کہ کسی بھی سرمایہ کاری سے پہلے اس کی قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کریں، ورنہ مالی نقصان کا خطرہ ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ان پلیٹ فارمز یا ان کی تشہیر کرنے والوں کے ساتھ کوئی رقم جمع نہ کروائیں اور فوری طور پر ایس ای سی پی کو رپورٹ کریں۔