ایف بی آر کا بڑا ایکشن؛ سوشل میڈیا پر مہنگے کپڑے، گاڑیاں اور گھر دکھانے والے ریڈار پر، 30 افراد کو نوٹس جاری

اسلام آباد (10 دسمبر 2025، صبح 11:04) چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں واضح کر دیا کہ اب ٹیکس چوروں کیخلاف کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ “سوشل میڈیا پر مہنگے کپڑے، گھر، گاڑیاں اور لگژری لائف اسٹائل کی نمائش کرنے والے ہمارے ریڈار پر ہیں۔ اب تک 30 ایسے افراد کو نوٹس جاری کر چکے ہیں جو اپنے گوشواروں میں کم آمدن ظاہر کرتے ہیں مگر لائف اسٹائل بالکل الٹ دکھاتے ہیں۔”

چیئرمین نے شوگر انڈسٹری پر بڑی کامیابی کا بھی ذکر کیا: “ایک سال میں شوگر سیکٹر سے سیلز ٹیکس میں 40 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ اب ٹیکس والی اور بغیر ٹیکس والی چینی کا ریٹ الگ نہیں رہے گا۔ کوئی بغیر ٹیکس والی چینی کا سٹاک رکھے گا تو سخت ترین کارروائی ہوگی۔”

سمگلنگ کے خلاف بھی کوئی سستی نہیں: “سمگلرز نے کسٹم افسران پر حملے کیے، دو ٹیکس اہلکار شہید ہوئے، مگر ہمارا کریک ڈاؤن نہیں رکے گا۔ سمگلنگ کا سامان روکنے کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں۔ ٹیکس چوروں کیخلاف ملک بھر میں کارروائیاں ایک چیف کمشنر انفورسمنٹ کے ماتحت ہوں گی، اور یومیہ رپورٹ مرتب ہو رہی ہے۔”

ایف بی آر کا پیغام واضح ہے: ٹیکس چوری اور سمگلنگ اب برداشت نہیں کی جائے گی، چاہے سوشل میڈیا انفلوئنسر ہو یا بڑا تاجر۔