
سڈنی (16 جنوری 2026) بگ بیش لیگ میں پاکستانی اسٹار بابر اعظم کو ایک بار پھر ناخوشگوار لمحات کا سامنا کرنا پڑا۔ سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر 11ویں اوور کی آخری گیند پر خوبصورت اسٹروک کھیل چکے تھے اور سنگل لے کر اگلے اوور میں اسٹرائیک لینا چاہتے تھے، مگر ساتھی کھلاڑی سٹیو سمتھ نے سنگل لینے سے انکار کر دیا تاکہ وہ خود اگلے اوور میں بولر کا سامنا کر سکیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بابر کی مایوسی اوراضطراب صاف نظر آ رہا ہے۔ بابر نے اس اوور میں مسلسل تین ڈاٹ بالز کھیلے تھے اور آخری گیند پر رن لے کر اسٹرائیک لینا چاہتے تھے۔ اس انکار کے بعد سمتھ نے اگلے اوور میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 32 رنز بنائے (4 چھکے اور ایک چوکا)۔
سمتھ نے 42 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ بابر نے 39 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔ سکسرز نے سڈنی تھنڈر کا 190 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں 5 وکٹوں سے حاصل کر لیا۔
یہ واقعہ گزشتہ دنوں محمد رضوان کے ساتھ پیش آنے والے سست بیٹنگ پر میدان سے باہر بلائے جانے کے واقعے کے بعد بابر کے لیے بی بی ایل میں مسلسل سبکی کا ایک اور واقعہ ہے۔ شائقین سوشل میڈیا پر بابر کے لیے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔






