بھارت میں مردہ امیدوار نے گرام پنچایت الیکشن جیت لیا؛ تلنگانہ کے گاؤں میں مرلی کو 700 سے زائد ووٹ، حکام نے نتیجہ روک دیا

نئی دہلی (15 دسمبر 2025) بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع راجنا سرسیلا کے ایک گاؤں میں گرام پنچایت سرپنچ کا الیکشن ایک انوکھا موڑ لے گیا، جہاں امیدوار مرلی نے اپنی موت کے باوجود سب سے زیادہ ووٹ لے کر کامیابی حاصل کر لی۔ مرلی نے 5 دسمبر کو نامزدگی فارم جمع کرانے کے چند گھنٹوں بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا تھا، مگر پولنگ شیڈول کے مطابق جاری رہی اور بیلٹ پیپرز پہلے ہی چھپ چکے تھے۔ قانونی پابندیوں کی وجہ سے مرلی کا نام بیلٹ سے ہٹانا ممکن نہ ہو سکا، اور گاؤں والوں نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسے ووٹ دے دیے۔ مرلی نے 700 سے زائد ووٹ حاصل کر کے اپنے حریف کو تقریباً 378 ووٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

حکام نے حتمی نتیجہ عارضی طور پر روک دیا ہے اور پنچایت انتخابی قوانین کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اب کیا کیا جائے، کیونکہ کامیاب امیدوار وفات پا چکا ہے۔ یہ واقعہ بھارتی دیہی انتخابات میں ایک نایاب مثال ہے، جہاں عوام کی محبت اور عقیدت نے ایک مردہ امیدوار کو “جیت” دلا دی۔ بھارتی میڈیا اسے “عقیدت کی جیت” قرار دے رہا ہے، مگر قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اب نئی پولنگ یا دوسرے نمبر امیدوار کو کامیاب قرار دینے جیسے آپشنز زیر غور آئیں گے۔

یہ خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور لوگ اسے “جمہوریت کی انوکھی شکل” کہہ کر مزاح بھی کر رہے ہیں۔