بھارت کا پاکستانی سرحد کے قریب فضائی مشقیں؛ 20 جنوری سے گجرات میں رافیل اور سخوئی طیاروں کی بڑی مشقیں

نئی دہلی (31 دسمبر 2025) بھارت نے پاکستانی سرحد کے انتہائی قریب گجرات کے علاقے کچھ میں 20 جنوری 2026 سے دو روزہ بڑے پیمانے پر فضائی مشقوں کا اعلان کر دیا ہے، جسے پاکستان نے خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش قرار دے دیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے بیان کے مطابق ان مشقوں میں فرنٹ لائن لڑاکا طیارے رافیل، سخوئی 30 ایم کے آئی، جیگوار اور دیگر شامل ہوں گے، اور تیز رفتار پروازیں، ہوائی لڑائی کی تربیت اور ممکنہ طور پر لائیو فائرنگ یا بمباری کی مشقیں کی جائیں گی۔

مشقوں کے لیے متعلقہ فضائی حدود کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے مکمل بند کر کے صرف ایئر فورس کی مشقوں کے لیے مخصوص کیا جائے گا۔ یہ محدود فضائی زون پاکستان کے ساتھ بھارت کی جنوبی سرحد پر محیط ہے، جس میں بحیرہ عرب، سر کریک، راجکوٹ اور احمد آباد کے قریبی علاقے شامل ہیں۔ یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشمیر اور پانی کے مسائل پر پہلے ہی شدید تناؤ ہے۔

پاکستانی حکام اور تجزیہ کاروں نے اسے “جنگی جنون” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے، اور یہ مشقیں پاکستان کی دفاعی تیاریوں کو چیلنج کرنے کی کوشش ہیں۔ عالمی سطح پر بھی اس اقدام پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ یہ جنوبی ایشیا میں نئی کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے۔