بیرون ملک پاکستانیوں کو بڑی سہولت؛ پی ٹی اے کا اعلان: پاکستانی سم اب کہیں بھی ایکٹو رکھ سکیں گے

اسلام آباد (18 جنوری 2026) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔ اب تارکین وطن اپنی پاکستانی موبائل سم کو بیرون ملک قیام کے دوران بھی ایکٹو رکھ سکیں گے، اور سم بلاک نہیں ہوگی۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو مسلسل مواصلاتی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ پاکستان سے رابطہ برقرار رکھ سکیں۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانی متعلقہ موبائل کمپنی (جیسے Jazz, Zong, Telenor یا Ufone) سے رجوع کر سکتے ہیں۔

پی ٹی اے نے اسے بیرون ملک پاکستانیوں کو بااختیار بنانے اور ڈیجیٹل رابطوں کی توسیع کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے۔

پی ٹی اے کا سوشل میڈیا صارفین کو سخت انتباہ ایسے ہی بیان میں پی ٹی اے نے سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کیا ہے کہ نفرت انگیز، ہتک آمیز یا گمراہ کن مواد پوسٹ، شیئر یا فارورڈ کرنے سے گریز کریں۔ جھوٹی معلومات پھیلانا، کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا یا ریاستی اداروں کی توہین کرنا پیکا ایکٹ کے تحت قابل سزا جرم ہے۔ صارفین سے درخواست ہے کہ ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں اور قانون کی خلاف ورزی سے بچیں، ورنہ بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔