
لاہور (18 فروری 2026) رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی عوام کو مہنگائی کا تگڑا دھچکا لگا ہے۔ حکومت کے مہنگائی پر قابو پانے کے دعوؤں کے برعکس اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ کھجوریں، سبزیاں، پھل، گوشت اور دالیں مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔
موجودہ ریٹس (کلو کے حساب سے)
- پیاز: 90 روپے
- ٹماٹر: 110 روپے
- لہسن: 680 روپے
- ادرک: 460 روپے
- لیموں چائنا: 120 روپے
- سبز مرچ: 200 روپے
- سیب: 550 روپے
- کیلے: 260 روپے
- کینو: 440 روپے درجن
- ایرانی کھجور: 650 سے 680 روپے
- مضافاتی کھجور: 1300 سے 1600 روپے
انتظامیہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد میں مکمل ناکام نظر آ رہی ہے، جس سے شہری مہنگے داموں خریداری پر مجبور ہیں۔ رمضان سے قبل ہی پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی، ایل این جی، بجلی، گھی، کوکنگ آئل اور گوشت بھی مہنگے کر دیے گئے تھے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ پاکستان بیورو برائے شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ضروری اشیاء کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر 4.26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ (ایس پی آئی) 331.81 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا، جو پچھلے ہفتے 333.79 اور گزشتہ سال 318.26 تھا۔
گزشتہ ہفتے کی صورتحال
- کمی: انڈوں میں 17.61%، ٹماٹر میں 12.02%، چکن میں 6.34%، پیاز میں 2.73%، آلو میں 2.49%، نمک میں 1.69%، ایل پی جی میں 1.57%، آٹا میں 1.31% اور چینی میں 1.12% کمی ہوئی۔
- اضافہ: کیلے میں 7.62%، لہسن میں 4.35%، دال ماش میں 2.69%، سرخ مرچ پاؤڈر میں 1.68%، مٹن میں 0.80%، بیف میں 0.37%، سرسوں کا تیل میں 0.34%، سگریٹ میں 0.24%، بناسپتی گھی میں 0.08% اور پرنٹڈ لان میں 0.01% اضافہ ہوا۔
17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی والے گروپ میں قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.62 فیصد کمی آئی، جبکہ دیگر آمدنی گروپس میں بھی 0.58 سے 0.62 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔
یہ اعداد و شمار رمضان کے آغاز پر عوام کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن رہے ہیں، جبکہ حکومتی دعوؤں کے برعکس ضروری اشیاء کی قیمتیں کنٹرول سے باہر نظر آ رہی ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ رمضان کا مہینہ مہنگائی کے بوجھ تلے نہ گزرے۔






