سعودی عرب کا بچوں کے ساتھ حج و عمرہ کرنے والوں کے لیے بڑا اعلان؛ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بچوں کو خصوصی سیفٹی رسٹ بینڈ پہنائے جائیں گے

ریاض (15 دسمبر 2025) خادمین الحرمین الشریفین کی ہدایت پر سعودی حکومت نے اللہ کے مہمانوں کی خدمت اور حفاظت کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک اہم اور قابل تحسین قدم اٹھایا ہے۔ حج و عمرہ کے دوران لاکھوں زائرین کے ہجوم میں بچوں کا والدین سے بچھڑ جانا ایک بڑا چیلنج رہا ہے، جسے مدنظر رکھتے ہوئے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بچوں کو خصوصی “سیفٹی رسٹ بینڈ” پہنائے جائیں گے۔ یہ اسمارٹ رسٹ بینڈ بچے کی کلائی پر بندھے گا اور اس میں والدین یا سرپرستوں کی مکمل تفصیلات (نام، رابطہ نمبر، قومیت وغیرہ) درج ہوں گی، تاکہ بچھڑنے کی صورت میں فوری شناخت ہو سکے اور بچے کو والدین کے حوالے کیا جا سکے۔

جنرل اتھارٹی فار دی کیئر آف دی افیئرز آف دی ٹو ہولی مساجد کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ یہ رسٹ بینڈ باب عبدالعزیز اور باب فہد (گیٹ نمبر 79) پر دستیاب ہوں گے، جہاں خصوصی عملہ رجسٹریشن اور رہنمائی کے لیے موجود رہے گا۔ یہ اقدام نہ صرف بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا بلکہ والدین کو بھی ذہنی سکون دے گا۔ سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ مقدس سرزمین پر اللہ کے مہمانوں کی خاطر مدارات میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی، اور یہ سہولت حج و عمرہ کے سیزن میں خاص طور پر مفید ثابت ہوگی۔

یہ اقدام سعودی ویژن 2030 کا حصہ ہے، جو زائرین کی سہولیات اور سیکیورٹی کو جدید ٹیکنالوجی سے بہتر بنا رہا ہے۔ شائقین حج و عمرہ نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے خاندانوں کے لیے بہت بڑی ریلیف ہے۔