سعودی عرب کی عمرہ کمپنی پر پابندی؛ معتمرین کو سہولیات نہ دینے پر سخت کارروائی

ریاض (29 دسمبر 2025) سعودی وزارت حج و عمرہ نے اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں کوتاہی برداشت نہ کرنے کا سخت مؤقف اپناتے ہوئے ایک عمرہ کمپنی پر پابندی عائد کر دی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ حجاج و معتمرین کی خدمت ایک عظیم دینی امانت اور عبادت ہے، اس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔ متاثرہ کمپنی نے معتمرین کو وعدہ شدہ قیام، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم نہیں کیں، جس سے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی معتمرین مقدس سرزمین پر پہنچے تو ان کے لیے رہائش کا کوئی بندوبست نہ تھا۔

وزارت نے کمپنی کے بیرون ملک ایجنٹ کو بھی معطل کر دیا اور متاثرہ زائرین کو یقین دلایا کہ ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بیان میں کہا گیا کہ عمرہ ایک روحانی سفر ہے جس میں سکون، اطمینان اور سہولت بنیادی ضرورت ہے، اور ایسی خلاف ورزیاں قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ یہ کارروائی زائرین کے حقوق کے تحفظ، مستقبل میں ایسی کوتاہیوں کی روک تھام اور عمرہ خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے کی گئی ہے۔

وزارت نے عزم ظاہر کیا کہ مملکت ہر حال میں اللہ کے مہمانوں کی عزت، سہولت اور سلامتی کو اولین ترجیح دے گی۔ یاد رہے کہ جون میں بھی 7 عمرہ کمپنیوں کو ٹرانسپورٹ سہولیات میں کوتاہی پر معطل کیا گیا تھا۔ سرکاری اعداد کے مطابق صرف جمادی الآخر میں 17 لاکھ سے زائد مسلمان عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب پہنچے ہیں۔

معتمرین سے اپیل کی گئی ہے کہ صرف رجسٹرڈ اور معتبر کمپنیوں سے رابطہ کریں تاکہ کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔