
“Image Source: UrduPoint.com
ہرارے (1 جنوری 2026) زمبابوے ٹی20 ٹیم کے کپتان اور پاکستانی نژاد آل راؤنڈر سکندر رضا کے 13 سالہ بھائی محمد مہدی 29 دسمبر کو ہرارے میں انتقال کر گئے۔ محمد مہدی پیدائشی طور پر ہیموفیلیا کے مرض میں مبتلا تھے اور حالیہ طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے جانبر نہ ہو سکے۔ زمبابوے کرکٹ بورڈ نے افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے سکندر رضا اور ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بورڈ کے بیان میں کہا گیا کہ انتظامیہ، کھلاڑی اور اسٹاف اس مشکل گھڑی میں سکندر رضا اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ کرکٹ حلقوں اور مداحوں کی جانب سے بھی سکندر رضا کے لیے تعزیت کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
سکندر رضا نے کرکٹ کی دنیا میں اپنی محنت اور لگن سے عالمی شہرت حاصل کی ہے، اور یہ ذاتی سانحہ ان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ کرکٹ کمیونٹی نے دعائیں کی ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔






