سیالکوٹ کی پی ایس ایل ٹیم کا نام ‘سیالکوٹ اسٹالینز’ فائنل؛ 185 کروڑ روپے میں خریدنے والے حمزہ مجید کا اعلان

لاہور (21 جنوری 2026) پاکستان سپر لیگ کی سب سے مہنگی فرنچائز ‘سیالکوٹ’ کا مکمل نام اعلان کر دیا گیا ہے۔ ‘او زی’ گروپ کے چیئرمین اور شریک مالک حمزہ مجید نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ٹیم ‘سیالکوٹ اسٹالینز’ کے تاریخی اور مقبول نام کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

حمزہ مجید نے کہا کہ ‘اسٹالینز’ صرف ایک نام نہیں بلکہ سیالکوٹ کی کرکٹ کی پہچان اور عظیم تاریخ کا عنوان ہے۔ شائقین کی خواہشات اور سیالکوٹ کی روایتی شناخت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہی نام منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘سیالکوٹ اسٹالینز’ کی واپسی سے پی ایس ایل کی رونقیں دوبارہ بحال ہوں گی۔

حمزہ مجید نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسی ٹیم تشکیل دے رہے ہیں جو نہ صرف بہترین کھیل پیش کرے گی بلکہ نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر نیا مقام دلائے گی۔ ٹیم کے لوگو، کٹ اور کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے جلد بڑے سرپرائز دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ ٹیم کے لیے پانچ نام فائنل کیے گئے تھے: ‘سیالکوٹ تھنڈرز’، ‘سیالکوٹ سکسرز’، ‘سیالکوٹ اسٹالینز’، ‘سیالکوٹ فیلکنز’ اور ‘سیالکوٹ شاہینز’۔ ریکارڈ 185 کروڑ روپے میں فرنچائز خریدنے والے حمزہ مجید نے ‘اسٹالینز’ کو ترجیح دی۔

یہ اعلان پی ایس ایل کی توسیع اور نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد شائقین کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔ ‘سیالکوٹ اسٹالینز’ کی واپسی لیگ میں نئی جان پھونک دے گی۔