
لاہور (20 جنوری 2026) پاکستان کرکٹ کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ میں بطور کھلاڑی اپنے سفر کا باقاعدہ اختتام کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں 43 سالہ شعیب ملک نے کہا کہ وہ پی ایس ایل کے ہر لمحے اور میدان کے اندر باہر بننے والی دوستیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
انہوں نے لکھا کہ 10 سالہ پی ایس ایل سفر میں بے شمار یادگار لمحات دیکھے اور شاندار تعلقات قائم کیے، جو ہمیشہ قیمتی رہیں گے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ بطور کھلاڑی اس سفر کو ختم کیا جائے۔ تاہم شعیب ملک نے واضح کیا کہ کرکٹ کے لیے ان کا جذبہ اور کھیل کی بہتری کے لیے کام کرنے کی خواہش ہمیشہ برقرار رہے گی، اور وہ مستقبل میں بھی کسی نہ کسی انداز میں کرکٹ کی خدمت کرتے رہیں گے۔
انہوں نے پی ایس ایل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لیگ نے انہیں بے شمار مواقع، یادیں اور عزت دی، جس پر وہ ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔
شعیب ملک کے اعلان کے بعد کرکٹ شائقین، ساتھی کھلاڑی اور سابق ٹیموں کی جانب سے ان کے شاندار کیریئر پر خراج تحسین کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ایس ایل کیریئر کا جائزہ شعیب ملک نے پی ایس ایل میں 93 میچز کھیلے، جن میں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 33.09 کی اوسط اور 127.78 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2350 رنز بنائے، جن میں 15 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
شعیب ملک کا یہ فیصلہ پاکستانی کرکٹ کے ایک عظیم دور کے اختتام کی علامت ہے، اور شائقین ان کی مستقبل کی خدمات کے منتظر ہیں۔






