لاہور میں بسنت 2026 کی تیاریاں عروج پر؛ 6 سے 8 فروری کو جشن، 5 پارکس میں تقریبات، ممنوعہ ڈور کی نشاندہی پر 5 ہزار انعام

لاہور (18 دسمبر 2025) صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کا تہوار ایک بار پھر منظم اور محفوظ طریقے سے منانے کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے بسنت کی تقریبات 6 سے 8 فروری 2026 کو منانے کی حتمی منظوری دے دی ہے، اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مختلف مقامات کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ ان میں گریٹر اقبال پارک، جلو پارک، جیلانی پارک، گلشن اقبال پارک اور ماڈل ٹاؤن پارک شامل ہیں، جبکہ اندرون شہر میں بھی محدود پیمانے پر بسنت منانے کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔ یہ پارکس بسنت کی مرکزی تقریبات کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جہاں رجسٹرڈ ایسوسی ایشنز کی نگرانی میں پتنگ بازی ہوگی۔

بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے سخت شرائط نافذ کی جا رہی ہیں۔ دھاتی ڈور، تار، تندی، کیمیکل یا تیز مانجھے کا استعمال مکمل ممنوع ہے، اور صرف کاٹن ڈور (نو تاریں سے زیادہ نہیں)، کمزور شیشے والا مانجھا، پنے اور چرخی کے بغیر پتنگ بازی کی اجازت ہوگی۔ پتنگ کا سائز 40 انچ اور گڈا 30 انچ سے زیادہ نہیں ہوگا۔ ممنوعہ ڈور یا مواد کی نشاندہی کرنے والے شہری کو 5 ہزار روپے انعام دیا جائے گا، تاکہ غیر قانونی سرگرمیاں بروقت روکی جا سکیں۔ خلاف ورزی پر رجسٹریشن منسوخی، جرمانہ اور قانونی کارروائی ہوگی۔

پتنگ ساز، ڈور بنانے والے، فروخت کنندگان اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ رجسٹریشن فیس مینوفیکچررز کے لیے 1 ہزار روپے اور ایسوسی ایشنز کے لیے 5 ہزار روپے ہے۔ رجسٹرڈ افراد کو کیو آر کوڈ والا سرٹیفکیٹ جاری ہوگا، جو دکانوں اور مصنوعات پر لگانا لازمی ہوگا۔ رجسٹرڈ ایسوسی ایشنز ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں بسنت کے انتظامات میں معاونت کریں گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت اور روایت کو زندہ رکھنے کے لیے ہیں، اور عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔