لاہور میں پاکستان کی سب سے بڑی سائیکلنگ ریس کا انعقاد؛ 25 جنوری کو 500 سے زائد سائیکلسٹ شرکت کریں گے

لاہور (15 جنوری 2026) صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت اجلاس میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سال 2026 کی پہلی بڑی اسپورٹس ایونٹ کے طور پر لاہور میں پاکستان کی سب سے بڑی سائیکلنگ ریس کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ ریس 25 جنوری کو منعقد ہوگی، جس میں 500 سے زائد سائیکلسٹ شرکت کریں گے۔

ریس منال لبرٹی سے شروع ہو کر شہر کے مختلف اہم مقامات سے گزرتے ہوئے پنجاب سٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوگی۔ وزیر کھیل نے اعلان کیا کہ وہ خود بھی اس ریس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور صحت مند معاشرہ تشکیل دینا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ جلد مزید کھیلوں کی خوشخبریاں دے گا تاکہ صوبے میں سپورٹس کلچر مزید مضبوط ہو۔

اجلاس میں وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ ملک سلیمان، سیکرٹری سپورٹس محمد علی، ڈی جی سپورٹس خضر افضال چوہدری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ یہ ایونٹ پنجاب میں سائیکلنگ اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔