
مری (22 جنوری 2026) ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری کی پیش گوئی کے بعد انتظامیہ کو مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں مری میں 20 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے، جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور شاہراہوں کی بندش کا خطرہ ہے۔
صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خود مری پہنچے اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے لیے روڈ کلیئرنگ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر نے ہائی وے میکنیکل ونگ کی مشینری اور سالٹ کیمپس کا بھی معائنہ کیا۔
وزیر نے ہدایت کی:
- مری داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
- 13 ٹورسٹ فیسیلیٹیشن سینٹرز مکمل فعال رکھے جائیں اور نمک کے بیگز کا وافر ذخیرہ یقینی بنایا جائے۔
- شاہراہوں کو فوری بحال رکھنے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ برفباری سے شہریوں اور سیاحوں کو کوئی پریشانی نہ ہو، اس لیے تمام ادارے ہائی الرٹ پر رہیں اور کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
شہریوں اور سیاحوں سے اپیل ہے کہ برفباری کے دوران احتیاط برتیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی تازہ معلومات کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھیں۔






