
اسلام آباد (30 دسمبر 2025) نئے سال کی آمد پر عوام کو مہنگائی سے کچھ ریلیف ملنے کا قوی امکان ہے۔ اوگرا اور وزارت خزانہ کی ابتدائی ورکنگ کے مطابق یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی تجاویز تیار کر لی گئی ہیں۔ پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 60 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل میں 8 روپے 59 پیسے، مٹی کے تیل میں 9 روپے اور لائٹ ڈیزل میں 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ اوگرا کل ورکنگ پیپر حکومت کو بھجوائے گا، جس کے بعد وزیراعظم اور وزارت خزانہ کی منظوری سے وزارت پٹرولیم حتمی نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
یہ ممکنہ کمی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ہے۔ پٹرول کی فی بیرل قیمت 75.05 ڈالر سے کم ہو کر 69.73 ڈالر اور ڈیزل کی 84.27 ڈالر سے 79.92 ڈالر ہو گئی، جبکہ پریمیم میں معمولی اضافہ ہوا۔ اگر یہ تجاویز منظور ہو گئیں تو عوام کو سردیوں میں ٹرانسپورٹ، زراعت اور روزمرہ اخراجات میں نمایاں ریلیف ملے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریونیو ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کیا جائے گا، مگر موجودہ عالمی رجحان سے بڑی کمی کا امکان ہے۔ عوام بے صبری سے نوٹیفکیشن کا انتظار کر رہے ہیں۔






