
لاہور (11 جنوری 2026) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے نئے ہسپتالوں کی جلد تکمیل کا حکم دیتے ہوئے لاہور میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو اسی ماہ کھولنے کی ہدایت کر دی ہے۔ نواز شریف کینسر ہسپتال کا بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ویٹنگ ایریا، مسجد اور ڈاکٹرز کی رہائش گاہیں بھی تیار ہیں۔ ڈاکٹرز اور پروفیشنل سٹاف کی بھرتیاں شروع ہو گئی ہیں، اور 219 آسامیوں کے انٹرویو جاری ہیں۔ ادارے کے سربراہ کی تعیناتی کے لیے آسامی دوبارہ مشتہر کی جا رہی ہے۔
جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آغاز کے لیے 31 جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو بھی جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کینسر انسٹی ٹیوٹ میں پاکستان بھر سے آنے والے ہر کینسر مریض کا علاج کیا جائے گا۔ یہ اقدامات پنجاب میں صحت کے شعبے کو جدید اور موثر بنانے کی طرف اہم قدم ہیں۔






