
لاہور (11 دسمبر 2025، رات 10:26) پنجاب کے تمام نو تعلیمی بورڈز نے امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا تاریخی فیصلہ کر لیا ہے۔ چیئرپرسن ٹاسک فورس مزمل محمود کی ہدایات پر 2026 کے سالانہ امتحانات سے مکمل ڈیجیٹل سسٹم نافذ العمل ہو جائے گا، جس کا مقصد پرچہ جعلسازی، نقل اور نتائج میں تاخیر کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہے۔
نئے نظام کے تحت ہر پرچے پر یونیک سکیورٹی کوڈ، QR کوڈ اور واٹر مارک لگایا جائے گا، جس سے ایک پرچے کی دوسری جگہ نقل یا تبدیلی ناممکن ہو جائے گی۔ ای مارکنگ، ای شیٹ، ڈی اے ایم ایس اور کیو آئی بی سسٹم کو مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔ تمام بورڈز کے سسٹم اینالسٹس اور کمپیوٹر پروگرامرز کی 13 دسمبر کو بی آئی ایس ای لاہور اور آئی بی سی سی کے ماہرین کی طرف سے خصوصی تربیت دی جائے گی، جس میں عملی طور پر ای مارکنگ اور ڈیجیٹل چیکنگ کا طریقہ کار سکھایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل تبدیلی سے نتائج تیاری کا وقت آدھا ہو جائے گا، نقل کے واقعات صفر ہو جائیں گے اور طلبہ کو فوری، شفاف اور غلطی سے پاک نتائج مل سکیں گے۔ پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز نے تمام بورڈز کو ہدایت کی ہے کہ 2026 کے میٹرک اور انٹر امتحانات مکمل ڈیجیٹل ماحول میں ہوں گے، اور اس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی جائیں۔
یہ پنجاب میں تعلیمی نظام کی سب سے بڑی ڈیجیٹل چھلانگ ہے، جو طلبہ، اساتذہ اور والدین کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔






