پنجاب میں سوشل میڈیا پر اے آئی میمز پوسٹ یا فارورڈ کرنا بھی جرم؛ کردار کشی اور فیک نیوز پر سخت کارروائی کا اعلان

لاہور (15 جنوری 2026) پنجاب پولیس نے واضح کر دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی فرد یا ادارے کے خلاف جھوٹے اے آئی میمز، ویڈیوز یا پوسٹس شیئر، ری پوسٹ یا فارورڈ کرنا فیک نیوز پھیلانے اور کردار کشی کے زمرے میں آتا ہے، اور یہ قابل دست اندازی جرم ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت آزادی اظہار رائے تو ہے، مگر معزز عدلیہ، ریاست، ملکی سلامتی، سکیورٹی اداروں یا کسی بھی فرد کی کردار کشی کی ہرگز اجازت نہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ویورشپ بڑھانے کے لیے جھوٹے، من گھڑت یا غیر مصدقہ مواد شیئر کرنے والا براہ راست جرم کا مرتکب ہوگا۔ ایسے تمام کیسز میں قانون فوری حرکت میں آئے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ فیک نیوز، اے آئی میمز، جعلی ویڈیوز یا کسی بھی غلط مواد کی تشہیر، شیئرنگ یا فارورڈ کرنے سے مکمل اجتناب کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔

یہ سخت موقف سوشل میڈیا پر بڑھتے جھوٹے پروپیگنڈے اور کردار کشی کے خلاف پنجاب پولیس کی تازہ ترین کارروائی ہے۔