پنجاب میں سکول چھٹیوں میں کمی کا منصوبہ؛ طلبہ کو سالانہ 190 تدریسی دن مکمل کرنے ہوں گے، موسم گرما کی چھٹیاں 6 ہفتوں تک محدود

لاہور (23 جنوری 2026) پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کو کم کرنے اور تدریسی دنوں کی تعداد بڑھانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے تجویز پیش کی ہے کہ صوبے بھر کے سکولوں اور کالجوں میں سالانہ 190 تدریسی دن مکمل کیے جائیں۔ اس کے تحت موسم گرما کی تعطیلات کو 2 ماہ 15 دن سے کم کر کے 6 ہفتوں تک محدود کر دیا جائے گا۔

کمیٹی نے اپنے تیسرے اجلاس میں یہ تجاویز حتمی شکل دے دی ہیں۔ نئی تجویز کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں کو سالانہ 175 تعطیلات ملیں گی، جبکہ تدریسی اور نصابی دنوں کی تعداد 190 ہوگی۔ پنجاب کی نجی سکول ایسوسی ایشنز نے بھی اس تجویز کی تائید کر دی ہے۔

صوبائی اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اسپیشل سیکریٹری محمد اقبال نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ 3 دن میں یکساں تعلیمی کیلنڈر تیار کیا جائے۔ کمیٹی کا موقف ہے کہ ہر سال تعطیلات کی بڑھتی تعداد سے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، خاص طور پر سینئر کلاسز میں نصاب مکمل نہیں ہو پاتا۔ چھٹیوں کو محدود کرنے سے تعلیمی عمل کی تکمیل میں مدد ملے گی اور طلبہ کی تعلیمی سطح بہتر ہوگی۔

یہ تجویز اب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔ اگر منظور ہو گئی تو پنجاب میں تعلیمی کیلنڈر میں بڑی تبدیلی آئے گی، اور طلبہ کو طویل چھٹیوں کے بجائے زیادہ دن سکول/کالج میں گزارنے ہوں گے۔