
لاہور (3 جنوری 2026) نئے سال کا آغاز ہوتے ہی پنجاب میں رواں موسم سرما کی سب سے شدید سردی کی لہر شروع ہو گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے تین دنوں کے لیے جنوبی اور وسطی پنجاب میں شدید دھند کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں اور وہاڑی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بالائی سندھ خاص طور پر سکھر کے اطراف اور اسلام آباد میں بھی رات اور صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران احتیاط کریں، رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس استعمال کریں اور شدید دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہی اور متعلقہ اداروں کو معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حفاظتی تدابیر اور موسمی صورتحال کی رہنمائی کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔
شہریوں سے اپیل ہے کہ احتیاط برتیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔






