ڈی آئی خان پولیس ٹریننگ سکول پر دہشتگردانہ حملہ، 7 اہلکار شہید، 5 حملہ آور ہلاک

فورسز کی جوابی کارروائی میں خودکش بمبار سمیت 5 دہشتگرد ختم، 13 زخمی اہلکار اسپتال منتقل
اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 19 خوارج ہلاک، 11 فوجی شہید، بشمول دو افسران

تصویر: UrduPoint.com
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر دہشتگردوں کے حملے میں 7 پولیس اہلکار شہید اور 13 زخمی ہو گئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق، حملہ آوروں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا، اور علاقے میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں گونجیں۔ فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو ٹریننگ سکول کی حدود میں ہی گھیر لیا، اور آپریشن رات گئے مکمل کر لیا گیا۔ اس دوران تقریباً 200 پولیس ریکروٹس اور اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ نادرا آفس اور اسکول کے تمام بلاکس کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔ زخمیوں کو ڈی آئی خان کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب، مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ ہندوستانی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر 7 اور 8 اکتوبر 2025 کی درمیانی شب اورکزئی ضلع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں مؤثر کارروائی سے 19 بھارتی سپانسرڈ خوارج ہلاک ہو گئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف (عمر 39 سال، راولپنڈی) اور میجر طیب راحت (عمر 33 سال، راولپنڈی) نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے شہادت پائی، جبکہ مزید 9 فوجی بھی شہید ہوئے جن میں نائب صوبیدار اعظم گل (38 سال، خیبر)، نائیک عادل حسین (35 سال، کرم)، نائیک گل امیر (34 سال، ٹانک)، لانس نائیک شیر خان (31 سال، ٹانک)، لانس نائیک فراز (32 سال، مانسہرہ)، لانس نائیک ارشاد حسین (32 سال، کرم)، سپاہی طفیل خان (28 سال، مالاکنڈ)، سپاہی عاقب علی (23 سال، صوابی) اور سپاہی محمد زاہد (23 سال، کرم) شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کریں گی، اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *