آشا بھوسلے کو بمبئی ہائی کورٹ سے انصاف

تصویر: اردو پوائنٹ

بھارت کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ آشا بھوسلے کے حق میں بمبئی ہائی کورٹ کا ایک اہم فیصلہ سامنے آ گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آشا بھوسلے نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ میری آواز، تصویر اور شخصیت کو کچھ ادارے اور افراد بغیر اجازت کے استعمال کر رہے ہیں۔ کاروباری اور تخلیقی کاموں میں گلوکارہ آشا بھوسلے کے نام، آواز اور تصویر کو AI کی مدد سے استعمال کرنے پر کئی بین الاقوامی کمپنیاں اور ایک فنکار کو عدالت میں فریق بنایا گیا تھا۔

ممبئی ہائی کورٹ نے اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے آشا بھوسلے کی آواز، تصویر اور شخصیت کے غیر مجاز استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی مصنوعی ذہانت پر مبنی پلیٹ فارمز، ای کامرس سائٹس اور دیگر اداروں پر بھی لازم ہوگی۔

فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ آشا بھوسلے کی شناخت—چاہے وہ ان کی آواز ہو، تصویر ہو یا ان سے ملتی جلتی کوئی بھی خصوصیت—ان کی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کی جا سکتی۔ جسٹس عارف ڈاکٹر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ مشہور شخصیات کے ذاتی حقوق کا تحفظ ضروری ہے، ان کا نام اور آواز تجارتی فائدے کے لیے بغیر اجازت استعمال کرنا ان کی ذاتی آزادی پر حملہ ہے۔

یاد رہے کہ ایسے ہی ایک کیس میں امیتابھ بچن اور ایشوریہ رائے بچن کو بھی عدالت سے انصاف ملا ہے۔ بھارت میں کئی کمپنیاں AI کی مدد سے مشہور فنکاروں کی آوازوں، کردار اور شخصیت کو بغیر اجازت استعمال کر کے منافع کما رہی ہیں۔ ایشوریہ رائے کی آواز اور تصویر کو تو AI سے نازیبا اور بیہودہ مواد بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *