پاکستان کرکٹ بورڈ کا سلمان علی آغا کی قیادت پر اعتماد، بابر اعظم اور رضوان کی ٹی20 ٹیم میں واپسی کا امکان نہ ہونے کے برابر

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز میں سلمان ہی کپتان، کوچ ہیسن اور مینجمنٹ تبدیلیوں کے حق میں نہیں

تصویر: UrduPoint.com
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے قومی ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا پر مکمل بھروسہ ظاہر کر دیا ہے، اور ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف آنے والی ٹی20 سیریز میں وہ ہی سبز جرسیوں کی قیادت کریں گے۔ جیو نیوز کے خصوصی ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان علی آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے درمیان جنوبی افریقہ سیریز اور آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی، جس میں دونوں نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کے کمبی نیشن کو مستحکم اور مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کے تھنک ٹینک کی درمیان جلد ایک اہم اجلاس متوقع ہے، جس میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران وائٹ بال ٹیم کا کیمپ لگانے کا فیصلہ ہو سکتا ہے۔ ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست بھی عنقریب سامنے آ جائے گی، اور ابتدائی اشاروں سے پتہ چلتا ہے کہ ٹی20 ٹیم میں دو سابق کپتانوں بابر اعظم اور محمد رضوان کی واپسی کا کوئی امکان نہیں، کیونکہ بورڈ اور مینجمنٹ کو سلمان کی قیادت پر کوئی تحفظات نہیں۔ سلمان جنوبی افریقہ سیریز میں نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے، حالانکہ انہوں نے 32 ٹی20 میچوں میں 110.21 کے سٹریٹ ریٹ سے 561 رنز بنائے، جبکہ ایشیا کپ کے 7 میچوں میں صرف 72 رنز اسکور کیے، جس پر تنقید بھی ہوئی۔

تاہم، بورڈ اور کوچ مائیک ہیسن ٹی20 ورلڈ کپ سے پہلے کپتانی میں کوئی تبدیلی نہیں چاہتے، اور ایشیا کپ کی ناکامی کے باوجود ٹیم کو تسلسل دینے پر اتفاق ہے۔ دوسری طرف، ایشیا کپ میں 7 میچوں میں 4 بار صفر پر آؤٹ ہونے والے صائم ایوب کو ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے، مگر وائٹ بال کرکٹ میں ان پر اعتماد برقرار ہے، جبکہ وکٹ کیپر محمد حارث بھی محفوظ ہیں۔ فاسٹ بولنگ میں حارث روف کی جگہ دیگر تیز گیند بازوں کو موقع مل سکتا ہے۔ سلمان اور ہیسن ایشیا کپ فائنل کی ہار پر مایوس تو ہیں، مگر ٹیم کو مزید مواقع دینے کے حق میں ہیں، اس لیے بابر اور رضوان کی جنوبی افریقہ ٹی20 اسکواڈ میں شمولیت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *