وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد میں شہری کی شکایت پر کارروائی؛ ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز ویڈیوز کا الزام

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ این سی سی آئی اے میں ایک شہری کی شکایت پر سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی، جس میں سہیل آفریدی پر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیزی، گمراہ کن معلومات پھیلانے اور جھوٹے بیانات پر مبنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل کے باہر ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹ پر مبنی میڈیا ٹاک کی، اور پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل پیچ سے بھی ایسی ویڈیوز پھیلائی گئیں، جس سے قومی سلامتی کے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔