پنجاب شاہراہوں پر دہشت گردی اور جرائم کی روک تھام کے لیے تاریخی قدم؛ رئیل ٹائم انٹیلیجنس شیئرنگ کا آغاز

لاہور (11 دسمبر 2025، رات 9:56) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب پولیس اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے قومی شاہراہوں پر مسافروں کی سیفٹی اور سکیورٹی کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے پہلی بار رئیل ٹائم انٹیلیجنس شیئرنگ اور مشترکہ چیکنگ کا نظام شروع کر دیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی موٹر وے پولیس سعد اختر بھروانہ نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، جس کے فوراً بعد گزشتہ رات سے موٹر ویز پر مشترکہ چیکنگ شروع ہو گئی۔

اب پبلک سروس وہیکلز کے ڈرائیورز، کنڈیکٹرز اور ہیلپرز کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے، اور غیر تصدیق شدہ عملے کو موٹر وے پر داخلہ بالکل نہیں دیا جائے گا۔ دہشت گردی، سمگلنگ، چوری شدہ گاڑیوں اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر فوری الرٹ جاری ہوگا۔ دونوں فورسز ہائی ویز کی نگرانی، ڈیٹا شیئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سکیورٹی کو فول پروف بنا رہی ہیں۔ دھند، تعطیلات یا قدرتی آفات کی صورت میں مشترکہ ٹریفک مینجمنٹ اور ریسکیو آپریشنز ہوں گے، جبکہ پنجاب پولیس موٹر وے فینسنگ کی حفاظت کے لیے بھی موٹر وے پولیس کے ساتھ مل کر پٹرولنگ کرے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسے “شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کا انقلابی قدم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب قومی شاہراہوں پر جرائم اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔