
کراچی (29 نومبر 2025، شام 5:09) شہر قائد میں سرد موسم کی شدت بڑھتے ہی قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کی ایمرجنسی اور او پی ڈی میں دل کے مریضوں کی تعداد یومیہ 2000 سے بڑھ گئی ہے، اور سب سے تشویشناک بات یہ ہے کہ ان میں 25 سے 40 سال کی عمر کے نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سردی میں خون کی نالیاں سکڑ جاتی ہیں، دل پر دباؤ بڑھتا ہے، اور بلند فشار خون، شوگر، مرغن غذا، ورزش کی کمی اور غیر صحت مند طرز زندگی کی وجہ سے نوجوان تیزی سے عارضہ قلب کا شکار ہو رہے ہیں۔
این آئی سی وی ڈی کی رپورٹ کے مطابق ادارے نے اب تک 10 ہزار سے زائد ایمرجنسی انجیو پلاسٹیز، 4,500 سے زائد الیکٹیو انجیو پلاسٹیز، 2,061 بچوں کی کارڈیک انٹروینشنز اور 90 ہزار سے زیادہ ایکو کارڈیوگرافی ٹیسٹس مکمل کیے ہیں۔ ایمرجنسی میں 2.76 لاکھ سے زائد مریضوں کو فوری علاج دیا گیا اور سالانہ 14 لاکھ سے زائد مریضوں کا مفت علاج جاری ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ سردیوں میں احتیاط نہ برتی تو دل کے دوروں کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ نمکین، چکنائی والی غذائیں کم کریں، گرم کپڑے پہنیں، ورزش جاری رکھیں اور دل میں کسی بھی بھاری پن، سینے میں درد یا سانس کی تکلیف کی صورت میں فوراً ہسپتال پہنچیں۔






