انڈر 19 ایشیا کپ: بھارتی کپتان نے ہینڈ شیک سے انکار کیا، فاسٹ بولر کشن سنگھ نے تسمہ باندھ کر سپورٹس مین شپ کی بہترین مثال قائم کر دی

دبئی (15 دسمبر 2025) انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے دوران ایک طرف جہاں بھارتی انڈر 19 کپتان نے ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان سے ہینڈ شیک سے انکار کر کے سینئر ٹیم کی سیاست زدہ روش کو برقرار رکھا، وہیں دوسری طرف بھارتی فاسٹ بولر کشن سنگھ نے اپنے عمل سے کرکٹ کی اصل روح کو زندہ کر دیا اور دنیا بھر کے شائقین کے دل جیت لیے۔

میچ کے دوران جب پاکستانی بیٹر حذیفہ احسن 60 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے، ان کے جوتے کا تسمہ اچانک کھل گیا۔ پیڈز اور گلوز کی وجہ سے حذیفہ کو تسمہ باندھنے میں شدید مشکل پیش آ رہی تھی۔ اس موقع پر بھارتی فاسٹ بولر کشن سنگھ فوراً آگے بڑھے، جھک کر حذیفہ احسن کا تسمہ باندھا اور پھر اپنی پوزیشن پر واپس چلے گئے۔ یہ چھوٹا سا عمل کرکٹ کی جینٹل مین گیم کی بہترین علامت بن گیا، جس نے سیاست اور تناؤ سے بھرے ماحول میں بھی کھیل کی روح کو نمایاں کر دیا۔

سوشل میڈیا پر کشن سنگھ کی خوب تعریف کی جا رہی ہے۔ ایک صارف نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ “یہ پکچر آف دی ڈے ہے، ایک چھوٹا سا عمل بڑا پیغام دے گیا کہ کرکٹ جیت ہار سے بڑھ کر ہے”۔ شائقین نے کشن کو “ریئل سپورٹس مین” قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے بی سی سی آئی کی ہٹ دھرمی کو بھی آئینہ دکھا دیا۔

یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ نوجوان کرکٹرز میں اب بھی کرکٹ کی اصل اقدار زندہ ہیں، چاہے سینئر لیول پر سیاست کتنی ہی کیوں نہ ہو۔