
اسلام آباد (15 دسمبر 2025) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہونے کی صورت میں صارفین کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ اکاؤنٹ دوبارہ حاصل کیا جا سکے اور ہیکر کی رسائی ختم ہو جائے۔ این سی سی آئی اے کے حکام کے مطابق اگر آپ کو شک ہو کہ آپ کا واٹس ایپ ہیک ہو گیا ہے، آپ تک رسائی ختم ہو گئی ہے یا کوئی اور اسے استعمال کر رہا ہے تو فوری طور پر درج ذیل اقدامات کریں۔
سب سے پہلے واٹس ایپ کو مکمل طور پر ان انسٹال کر کے دوبارہ انسٹال کریں۔ پھر اپنا فون نمبر درج کر کے لاگ ان کریں۔ آپ کو ایس ایم ایس کے ذریعے 6 ہندسوں کا کوڈ موصول ہوگا، اسے فوری طور پر درج کریں۔ یہ کوڈ درج کرتے ہی ہیکر کے موبائل سے آپ کا واٹس ایپ خود بخود لاگ آؤٹ ہو جائے گا، کیونکہ واٹس ایپ ایک وقت میں صرف ایک ڈیوائس پر ایکٹو رہ سکتا ہے۔ اگر ہیکر نے ٹو سٹیپ ویریفیکیشن آن کر دی ہے اور آپ کو PIN معلوم نہیں تو واٹس ایپ 7 دن انتظار کرنے کا کہہ سکتا ہے، مگر پریشان نہ ہوں کیونکہ جیسے ہی آپ نے ایس ایم ایس کوڈ درج کیا، ہیکر کی رسائی ختم ہو چکی ہوتی ہے اور ان 7 دنوں میں کوئی بھی اکاؤنٹ استعمال یا پیغامات پڑھ نہیں سکتا۔ اگر آپ نے پہلے ای میل لنک کر رکھی ہے تو “Forgot PIN” پر کلک کر کے فوری طور پر PIN ری سیٹ کر لیں۔
این سی سی آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ واٹس ایپ پر نامعلوم لنکس نہ کھولیں، ٹو سٹیپ ویریفیکیشن ضرور آن رکھیں اور ای میل لنک کریں تاکہ ایمرجنسی میں اکاؤنٹ فوری بحال ہو سکے۔ یہ ہدایات سائبر کرائم کی بڑھتی لہر کے پیش نظر جاری کی گئی ہیں، اور عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ ہیکرز اکثر او ٹی پی کوڈ مانگ کر اکاؤنٹ پر قبضہ کر لیتے ہیں۔






