وزیراعظم شہباز شریف کا نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کی تربیت کے لیے چین اور یورپ بھجوانے کا اعلان؛ “معرکہ حق میں افواج پاکستان کا مکا مودی کو کبھی نہیں بھولے گا”

ہری پور (17 دسمبر 2025) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یونیورسٹی آف ہری پور میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے بڑا اعلان کیا کہ مصنوعی ذہانت (AI) کی اعلیٰ تربیت کے لیے طلبہ و طالبات کو چین اور یورپ بھجوایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت منجدھار سے نکل آئی ہے، ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے، اب گروتھ کی طرف بڑھنا ہے، مگر ترقی اور خوشحالی کا سفر چاروں صوبوں پر منحصر ہے، سب مل کر ترقی کریں گے تو پاکستان عظیم ملک بنے گا۔ وزیراعظم نے معرکہ حق (6 اور 10 مئی) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے جو زور دار مکا مودی سرکار کو لگایا، اسے وہ کبھی نہیں بھولے گی، شہدا کی عزت و تکریم ہمارا فرض ہے، اگر کوئی ان کا مذاق اڑائے تو نہ دنیا میں عزت ملے گی نہ اللہ معاف کرے گا۔

تقریب میں وزیراعظم نے ہونہار طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور کہا کہ یہ نوجوان قوم کے ہیروز ہیں، پاکستان کی تقدیر کی کنجی ان کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے چین سے زرعی تربیت حاصل کرنے والے 1000 طلبہ کا ذکر کیا اور کہا کہ ماضی میں بھی پنجاب سے چینی زبان سیکھنے کے لیے طلبہ بھجوائے تھے، اب AI کی تربیت کے لیے بھی ایسے پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے لیپ ٹاپ سکیم کو کوویڈ میں تعلیم اور فری لانسنگ کا اہم ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ 6 لاکھ لیپ ٹاپ مکمل شفافیت سے میرٹ پر تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے ہری پور میں دانش سکول، طالبات کے لیے الگ کیمپس اور پل کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو چیلنجز کا سامنا ہے، مگر اتحاد، محنت، امانت اور دیانت سے پاکستان اپنا کھویا مقام دوبارہ حاصل کر لے گا۔ تقریب میں وفاقی وزراء امیر مقام، سردار محمد یوسف، عطا تارڑ، چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود اور رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان بھی موجود تھے۔