
برسبین (20 دسمبر 2025) آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں ایک بار پھر کرکٹ کے نئے ریکارڈز قائم ہوئے جب برسبین ہیٹ نے پرتھ اسکارچرز کو ایک بال قبل 8 وکٹ سے شکست دے کر کئی تاریخی کارنامے انجام دیے۔ پرتھ اسکارچرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 257 رنز بنائے، جہاں فن ایلن نے 79 اور کوپر کونولی نے 77 رنز کی اننگز کھیلیں۔
ہدف کے تعاقب میں برسبین ہیٹ نے جیک ولڈر موتھ کی 110 رنز (54 گیندوں پر 5 چوکے، 9 چھکے) اور میٹ رنشا کی 102 رنز (51 گیندوں پر 5 چوکے، 9 چھکے) کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت میچ کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر 258 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔ یہ بیگ بیش لیگ کی تاریخ کی پہلی اننگز تھی جس میں دو سنچریاں بنیں، اور دونوں کھلاڑیوں نے 212 رنز کی سب سے بڑی شراکت بھی قائم کی۔
میچ میں کل 515 رنز بنے، جو بیگ بیش کی تاریخ کا سب سے زیادہ سکور ہے، جبکہ 36 چھکوں کا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔ 258 رنز کا ہدف بیگ بیش کا سب سے بڑا اور ٹی20 کی تاریخ کا تیسرا سب سے بڑا ہدف تھا۔ یہ میچ کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک یادگار مقابلہ ثابت ہوا، جہاں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کرکٹ کا مظاہرہ کیا اور ریکارڈز کی بارش ہوئی۔






