
لاہور (18 دسمبر 2025) محکمہ موسمیات اور پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں 20 دسمبر سے بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 20 سے 22 دسمبر تک بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ 20 اور 21 دسمبر کو راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جس سے دھند اور سموگ کی صورتحال میں نمایاں کمی آئے گی۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا، اور اس کے بعد بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خطرہ ہے، اس لیے مسافروں کو احتیاط کی تلقین کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔






