
اسلام آباد (26 دسمبر 2025) وفاقی وزیر احسن اقبال نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں لائیو ہونے کے دوران ویڈیو کال اچانک بند ہونے کے ناخوشگوار واقعے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ “آپ کی تشویش پر مبنی پیغامات کا شکریہ۔ براہ راست نشریات کے دوران مختصر تعطل اس وقت پیش آیا جب قریب موجود ایک شخص کسی سے بحث میں مصروف تھا اور اسے علم نہیں تھا کہ میں لائیو آن ایئر ہوں۔ کچھ ہی دیر بعد دوبارہ انٹرویو میں شریک ہو گیا تھا اور امید ہے کہ اس معاملے کو بلاوجہ سیاسی تنازع نہ بنایا جائے۔”
واقعہ اس وقت پیش آیا جب پروگرام کے میزبان وسیم بادامی احسن اقبال سے گفتگو کر رہے تھے کہ رات 11 بج کر 16 منٹ پر ایک نامعلوم شخص وہاں آیا، جسے احسن اقبال نے دیکھا۔ اگلے ہی لمحے اس شخص کی آواز سنائی دی کہ “بند کرو، بند کرو اسے”، اور اس نے موبائل فون پر جھپٹنے کی کوشش کی۔ احسن اقبال نے ہڑبڑاہٹ میں فون اٹھایا جس سے ویڈیو کال منقطع ہو گئی۔ میزبان وسیم بادامی بھی پریشان نظر آئے اور پوچھا کہ کیا احسن اقبال گھر سے پروگرام میں شریک تھے۔
احسن اقبال نے اپنے پیغام میں وضاحت کی کہ یہ ایک معمولی انسانی غلطی تھی اور کوئی سیاسی یا سازشی پہلو نہیں، اور عوام سے اپیل کی کہ اسے سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس پر لوگوں نے مختلف ردعمل دیے، مگر وزیر نے اسے ایک “مختصر تعطل” قرار دے کر معاملے کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔






