
“Image Source: UrduPoint.com
پشاور (31 دسمبر 2025) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے محکمہ آبپاشی کے تحت ای۔آبیانہ ایپ کا باقاعدہ اجرا کر دیا، جو شفاف حکمرانی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سزاؤں پر سزائیں دی جا رہی ہیں جبکہ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق 5300 ارب روپے کی کرپشن کا سوال بھی نہیں پوچھا جا رہا۔ ایپ کا اجرا عمران خان کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کا حصہ ہے، جہاں 60 سے 70 فیصد سرکاری محکموں کو ڈیجیٹل بنایا جا چکا ہے اور جون تک 100 فیصد مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ یہ سسٹم آبیانہ کی وصولی کو شفاف، محفوظ اور صارفین کے لیے آسان بنائے گا، جبکہ زمین اور پانی کے استعمال کا ڈیٹا بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے، صوبے کے اربوں روپے کے بقایاجات ادا نہیں کیے جا رہے۔ جو محدود فسکل ریلیز دی جاتی ہے، اس پر بھی میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے، جبکہ وفاق دیگر صوبوں کی فسکل ریلیز کا بھی احتساب کرے۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال (CRBC) منصوبہ وفاق کی عدم سنجیدگی سے تاخیر کا شکار ہے، صوبہ اپنا حصہ ادا کر چکا ہے مگر وفاقی رکاوٹیں ہیں۔ گبرال ہائیڈرو پاور منصوبہ 85 فیصد مکمل ہے مگر 8 ماہ سے غیر ملکی ورکرز کے لیے این او سی جاری نہیں ہوا۔






