
کراچی (2 جنوری 2026) سپارکو کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ کل 3 جنوری کو سال 2026 کا پہلا سپر مون آسمان پر دکھائی دے گا، جسے روایتی طور پر “وولف مون” کہا جاتا ہے۔ یہ سپر مون اکتوبر 2025 سے شروع ہونے والے سپر مونز کے سلسلے کا آخری منظر بھی ہوگا۔ پاکستان میں یہ سپر مون شام 5 بج کر 51 منٹ پر طلوع ہوگا، اور چاند کی روشنی تقریباً 99.8 فیصد ہوگی، جس کی وجہ سے یہ نہایت روشن اور دلکش نظر آئے گا۔
ماہرین کے مطابق اس وقت زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ تقریباً 3 لاکھ 62 ہزار کلومیٹر ہوگا، جس سے چاند عام فل مون کے مقابلے میں 6 سے 7 فیصد بڑا اور تقریباً 10 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی دوران کواڈرینٹڈ شہابی بارش بھی اپنے عروج پر ہوگی، جو آسمان کو مزید خوبصورت بنا دے گی۔ فلکیات کے شوقین افراد 3 اور 4 جنوری کی راتوں میں کھلے آسمان کے نیچے یہ نظارہ بہتر انداز میں دیکھ سکیں گے۔
سپارکو نے مشورہ دیا ہے کہ روشنی سے دور مقامات پر جا کر اس قدرتی نظارے سے لطف اندوز ہوا جائے، کیونکہ ایسا خوبصورت فلکیاتی منظر روز روز نہیں ملتا۔ اگلا سپر مون سلسلہ نومبر 2026 میں شروع ہوگا۔
شہریوں سے اپیل ہے کہ اس موقع کو ضائع نہ کریں اور محفوظ جگہ سے یہ نظارہ دیکھیں۔






