تحریک تحفظ آئین پاکستان کا قافلہ گجرات میں روک دیا گیا؛ نامعلوم افراد نے گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے

گجرات (8 جنوری 2026) نامزد اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی قیادت میں اسلام آباد سے لاہور جانے والا تحریک تحفظ آئین پاکستان کا قافلہ گجرات میں روک دیا گیا۔ پولیس کی پکڑ دھکڑ کے دوران نامعلوم افراد نے قافلے کی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں ایک نقاب پوش شخص لاٹھی سے گاڑیوں کے شیشے توڑتے اور پھر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

قافلے کی اسلام آباد سے روانگی پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم نہ پتھر مارنے نہ گالیاں دینے نکلے ہیں، ہمارا سلوگن ہے “ہم ظلم مٹانے نکلے ہیں، آؤ ہمارے ساتھ چلو”۔ جو شخص پاکستان میں ظلم کا خاتمہ، آئین و قانون کی بالادستی، شفاف انتخابات، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی چاہتا ہے، وہ ہمارے ساتھ چلے۔ تحریک نے 8 فروری کو ہڑتال کی کال بھی دی ہے اور تمام مکاتب فکر کے پاکستانیوں سے ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی نے کہا کہ یہ قافلہ پرامن ہے اور اس کا مقصد صرف آئین و جمہوریت کی آگاہی ہے۔ پنجاب حکومت فسطائی رویوں سے باز رہے اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں نامزد قائدین حزب اختلاف کے آئینی وقار کا احترام کرے۔

یہ واقعہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جاری مہم کا حصہ ہے، جو ملک بھر میں آئینی بالادستی اور جمہوریت کے لیے آواز اٹھا رہی ہے۔