پی ٹی آئی کا وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ پر سخت حملہ؛ “فارم 47 کی بوکھلاہٹ، 5300 ارب کرپشن پر خاموشی”

اسلام آباد (2 جنوری 2026) مرکزی ترجمان پی ٹی آئی نے وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کی بیساکھیوں پر کھڑی حکومت کی بوکھلاہٹ کا یہ منہ بولتا ثبوت ہے کہ خیبرپختونخوا کی عوام اور ان کی منتخب حکومت پر مسلسل حملے کیے جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی دہشت گردی کی سہولت کاری کے تمام الزامات کو سختی سے مسترد کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑنا قومی ذمہ داری ہے، اس پر سیاست کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جو لوگ آج خواتین کے احترام کا درس دے رہے ہیں، ان کی تاریخ سیاسی مخالف خواتین کی تضحیک اور کردار کشی سے بھری پڑی ہے۔ فارم 47 کی حکومت نے پرامن احتجاج کرنے والی خواتین کو جیلوں میں ڈالا، سڑکوں پر گھسیٹا، گھروں کی چادر و چار دیواری پامال کی اور معصوم خواتین کو جھوٹے مقدمات میں جکڑا۔ مظلومیت کا جھوٹا ناٹک رچانے سے پہلے مریم نواز کے حکم پر پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا جواب دیں۔

معاشی استحکام کے دعوے محض اعداد و شمار کے ہیر پھیر ہیں۔ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کا طوفان ان کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ فارم 47 کی حکومت نے صنعتوں کو تالے لگوا دیے، برآمدات اور معاشی شرح نمو کا جنازہ نکال دیا اور گندم و چینی اسکینڈلز سے کسانوں کا معاشی قتل کیا۔ عطا تارڑ اوورسیز پاکستانیوں کے نام پر کریڈٹ لینے سے پہلے جان لیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کا دل صرف عمران خان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ ریکارڈ ترسیلات زر حالات سے مایوس ہو کر ملک چھوڑنے والوں کی اپنے اہلخانہ کو بچانے کی کوشش ہے۔

خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی نے تعلیمی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا اور صحت کارڈ جیسی عالمی سطح کی سہولت دی، جسے پنجاب حکومت نے بند کر کے عوام سے حق چھین لیا۔ وفاقی ایچ ای سی کی جانب سے فنڈز روکنے کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی یونیورسٹیوں میں مالی بحران ہے، جو وفاق کی کھلی دشمنی ہے۔ پاکستان کی عالمی بدنامی عمران خان یا پی ٹی آئی کی وجہ سے نہیں، بلکہ موجودہ حکومت کی آئین کی پامالی اور جمہوریت کے قتل عام کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ یہ پروپیگنڈا اور الزامات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی عوامی مہم اور پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خوفزدہ حکمرانوں کی چیخیں ہیں۔ قوم ان کے فرسودہ بیانیوں سے قائل ہونے کے لیے تیار نہیں۔

تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی اور مقبول جماعت ہے۔ دہشت گردی جیسے قومی مسئلے پر من گھڑت الزامات لگا کر سیاسی قوتوں اور اداروں میں خلیج پیدا کرنا ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ طاقت کے نشے میں گھٹیا پروپیگنڈا کرنے والے یاد رکھیں کہ دشمن وہ نہیں جو سوال اٹھائے، بلکہ وہ ہیں جو وفاق کی اکائیوں میں تقسیم پیدا کرنے کا خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔