ایران کا امریکہ اور اسرائیل کو سخت وارننگ؛ حملہ ہوا تو امریکی اڈے اور اسرائیل جائز ہدف ہوں گے

تہران (11 جنوری 2026) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح خبردار کر دیا ہے کہ اگر ایران پر کوئی حملہ ہوا تو خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے اور اسرائیل ایران کے جائز ہدف بن جائیں گے۔ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ایران میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں اور ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ امریکہ ایرانی مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہے، البتہ اس کا مطلب فوج اتارنا نہیں۔

قالیباف نے کہا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، اور امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے سے نہیں ہچکچائے گا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل مل کر ایران میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ نے ٹیلی فون پر ایران میں ممکنہ امریکی مداخلت پر تبادلہ خیال کیا ہے، اور اسرائیل بھی ہائی الرٹ پر ہے۔

یہ بیانات خطے میں تناؤ کو مزید بڑھا رہے ہیں، جبکہ ایران میں مظاہرے تیسری رات بھی جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز نے سخت اقدامات کیے ہوئے ہیں۔