
واشنگٹن (14 جنوری 2026) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیٹرائٹ اکنامک کلب میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو تارکین وطن امریکی شہریوں کو دھوکہ دیں گے یا مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہوں گے، ان کی شہریت منسوخ کر دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صومالیہ یا کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کے خلاف کارروائی ہوگی جنہوں نے امریکی شہریوں کو نقصان پہنچایا ہو۔
محکمہ خارجہ کے مطابق ٹرمپ کے پہلے سال میں ایک لاکھ سے زائد ویزے منسوخ کیے جا چکے ہیں، جن میں ہزاروں غیر ملکی طلبہ اور روزگار کے لیے آنے والے افراد شامل ہیں۔ یہ کارروائی ویزہ قوانین کی خلاف ورزیوں، مقررہ مدت سے زیادہ قیام اور مجرمانہ ریکارڈ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ دسمبر میں سفری پابندیوں کی فہرست میں مزید پانچ ممالک شامل کیے گئے، اور جون میں 12 ممالک کے شہریوں پر مکمل سفر پابندی اور 7 ممالک کے لیے سخت شرائط عائد کی گئی تھیں۔ یہ اقدامات ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسی کا حصہ ہیں، جو تارکین وطن کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔






