
واشنگٹن (13 جنوری 2026) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ایرانی عوام کو سوشل میڈیا ‘ٹروتھ سوشل’ پر براہ راست پیغام دے کر بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ “ایران کے محب الوطنوں، احتجاج جاری رکھو، ملکی اداروں کا کنٹرول سنبھال لو، مدد راستے میں ہے۔ قاتلوں اور ظلم کرنے والوں کے نام محفوظ رکھو، انہیں جلد اپنے جرائم کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔”
ٹرمپ نے ایرانی حکام کے ساتھ تمام مذاکراتی اجلاس منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے جب تک مظاہرین کا قتل عام بند نہ ہو۔ انہوں نے ایرانی اپوزیشن لیڈروں سے رابطے کا بھی ذکر کیا اور ایران میں انٹرنیٹ بحالی کے لیے ارب پتی ایلون مسک سے بات کرنے کا کہا۔ ٹرمپ نے طیارے میں گفتگو کرتے ہوئے ایران کے خلاف مختلف آپشنز، بشمول فوجی کارروائی، پر غور کا اعلان کیا۔
دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے حکومت کے حق میں ریلیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایرانی قوم مضبوط اور باخبر ہے، دشمنوں کی سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے امریکہ کو خبردار کیا کہ اپنے فریبی اقدامات روکے اور کرائے کے ایجنٹوں پر بھروسہ چھوڑ دے۔
امریکا نے قطر میں نیا میزائل دفاعی نظام تعینات کر کے خطے میں اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ یہ صورتحال خطے میں شدید تناؤ کا باعث بن رہی ہے۔






