
اسلام آباد (14 جنوری 2026) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں تاریخی فتح کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کے لڑاکا طیاروں کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ بہت سے ممالک اب ان طیاروں کی خریداری کے لیے بات چیت کر رہے ہیں، جس سے دفاعی پیداوار کو تقویت ملے گی اور معیشت پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔ کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ نئے نوٹوں کو جدید عصری تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا جا رہا ہے اور بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
کابینہ نے پرائیویٹ حج آپریٹرز کی رجسٹریشن اور جانچ کے لیے حج پالیسی 2027-2030 کا مسودہ حج پالیسی کمیٹی کو مزید غور کے لیے بھجوایا۔ کابینہ نے توانائی اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔
وزیراعظم نے پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپریشنز جاری رہیں گے۔ انہوں نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ ملک کی معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگی۔ پاکستان نے معاشی میدان میں کم عرصے میں نمایاں پیشرفت کی ہے، اور انشاء اللہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔






