
لاہور (20 جنوری 2026) صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے صوبہ بھر کی شاہراہوں پر اوورلوڈنگ کے خلاف سخت پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقررہ ایکسل لوڈ سے زائد بوجھ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ خاص طور پر گنے سے لوڈڈ ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر اوورلوڈ گاڑیوں کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر نے ہدایت کی کہ پنجاب ہائی وے پولیس اور متعلقہ محکمے ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اوورلوڈنگ نہ صرف سڑکوں کی تباہی کا باعث بنتی ہے بلکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بھی ہے۔ انہوں نے گنے کی ٹریکٹر ٹرالیوں سے متاثرہ سائن بورڈز کی فوری مرمت، یوٹرنز پر اضافی روڈ فرینچرز کی تنصیب، روڈ سیفٹی کے لیے ریفلیکٹرز لگانے اور آئی روڈ گیٹس کی تنصیب کے احکامات جاری کیے۔
مزید ہدایت کی کہ خطرناک شاخوں کی کٹائی فوری طور پر کی جائے اور شاہراہوں پر رکاوٹ یا ٹریفک میں خلل ڈالنے والے کسی بھی عنصر کو برداشت نہ کیا جائے۔ وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو محفوظ، پائیدار اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور شاہراہوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ، مشیر وزیراعلیٰ زیشان عاشق ملک اور سیکرٹری کوآرڈینیشن واجد علی شاہ نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا۔ وفد نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور افتتاح سے پہلے فائنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انجینئرز نے بریفنگ دی کہ تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جدید طبی آلات، ایمرجنسی، آئی سی یو، آپریشن تھیٹرز اور دیگر سہولیات تیار ہیں۔
وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا وژن ہے کہ عوام کو اپنے علاقوں میں معیاری طبی سہولیات میسر ہوں، اور یہ انسٹی ٹیوٹ دل کے مریضوں کے لیے بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔ مشیر زیشان عاشق ملک نے کہا کہ منصوبہ وزیراعلیٰ کی خصوصی دلچسپی کا نتیجہ ہے اور فائنل ٹچ مکمل کر کے ادارہ جلد فعال ہو جائے گا۔






