
کراچی (20 جنوری 2026) آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل اور گیس کے نئے وسیع ذخائر کی دریافت کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ دریافت سامانہ سُک اور شنواری فارمیشنز میں ہوئی ہے، جہاں کنویں سے یومیہ 3 ہزار 100 بیرل خام تیل اور 8.15 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس حاصل کی جا سکتی ہے۔ او جی ڈی سی ایل کے پاس اس کنویں میں 65 فیصد ورکنگ شیئر ہے، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے 30 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے 5 فیصد شیئرز ہیں۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق بارگزی ایکس01 کنویں کی 5 ہزار 170 میٹر گہرائی تک کامیاب کھدائی کی گئی ہے۔ یہ دریافت ملکی توانائی کی خودکفالت کی جانب اہم قدم ہے، جو توانائی کی درآمدات پر انحصار کم کرنے میں مدد دے گی اور طلب و رسد کے فرق کو کم کرے گی۔ یہ او جی ڈی سی ایل کی گزشتہ ایک ماہ میں نشپا بلاک میں مسلسل تیسری بڑی دریافت ہے۔ ان تین دریافتوں سے مجموعی طور پر یومیہ 9 ہزار 480 بیرل خام تیل حاصل ہو رہا ہے، جو ملکی پیداوار کا 14.5 فیصد ہے۔ یہ کامیابیاں قومی توانائی سلامتی کے لیے سنگِ میل ثابت ہو رہی ہیں۔






